پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خیبر پختونخوا میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک بھر کے مدارس کو درپیش دیرینہ انتظامی اور مالی مشکلات کے حل کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں اسی نوعیت کے اقدامات کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی صدارتی آرڈیننس کا اجرا مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق ان مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت ہے جو گزشتہ تقریباً 26 سال سے موجود تھے۔انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دینی مدارس کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے قیادت اور خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس عمل کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ذاتی دلچسپی لی جبکہ وزیراعظم اور صدر مملکت نے بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے مسائل اور مشکلات کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ملک کی سیاسی و عسکری قیادت، علماء کرام اور مدارس کے نمائندوں کی مشترکہ کوششیں قابل تحسین ہیں۔قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کمیٹی نے نہ صرف انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد، بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرے میں رواداری کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ دینی مدارس اور حکومت کے درمیان رابطوں اور مؤثر رابطہ کاری میں بھی اہم خدمات سرانجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران قومی پیغامِ امن کمیٹی نے تمام متعلقہ فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور دینی اداروں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کی فضا پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے متحدہ مدارس کونسل، اتحاد تنظیمات مدارس کے اکابرین، مختلف مدارس بورڈز کے نمائندوں اور علماء کرام کی کوششوں اور تعاون کو بھی سراہا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان علماء کونسل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی دینی مدارس کو درپیش باقی ماندہ مسائل کے حل اور حکومت و دینی تعلیمی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔دینی مدارس کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ادارے قرآن و سنت کی تعلیم و ترویج کے لیے کام کر رہے ہیں اور ان کا سیاست، انتہا پسندی یا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ متفقہ قومی بیانیہ ’’پیغامِ پاکستان‘‘ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے مذہبی و دینی حلقے، علماء، مشائخ، ائمہ، خطباء، واعظین اور دیگر مذہبی شخصیات دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علماء کرام اور دینی مدارس امن، قومی اتحاد اور پاکستان کے استحکام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ایک بار پھر صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، قومی پیغامِ امن کمیٹی، متحدہ مدارس کونسل، پاکستان علماء کونسل اور دیگر مدارس بورڈز کا مشترکہ کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلسل مشاورت اور باہمی تعاون کے ذریعے دینی مدارس کو درپیش دیگر انتظامی اور ادارہ جاتی مسائل بھی حل کر لیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی حکومت اور دینی اداروں کے درمیان رابطے اور پل کا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیا جا سکے، باقی ماندہ مسائل حل ہوں اور قومی یکجہتی مزید مضبوط ہو۔اپنے بیان کے اختتام پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان، اہل پاکستان اور تمام بلادِ اسلامیہ کی حفاظت فرمائے اور ملک کی قیادت اور عوام کو اسلام اور پاکستان کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

