”ریڈ لائن عبور “، خواجہ آصف کے بلاول سے متعلق ریمارکس ”ناقابل قبول“ ہیں، رہنما پیپلزپارٹی

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور مرکز میں اس کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے درمیان جاری کشیدگی کے تازہ ترین واقعے میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں دیے گئے ریمارکس ”ناقابل قبول“ ہیں۔ اور انہوں نے پارٹی کی ”ریڈ لائن“ (حد) عبور کر لی ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے خواجہ آصف کی 19 نومبر کی ایک پوسٹ پر سخت رد عمل دیا ہے؛ اپنی پوسٹ میں خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دو ویڈیو کلپس شیئر کی تھیں۔
پہلے کلپ میں بلاول بھٹو کو پی ٹی آئی اور اس کے بانی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسری کلپ میں جو کراچی پریس کلب میں ان کے حالیہ خطاب سے لی گئی، وہ عمران خان کو “سیاسی قیدی” قرار دیتے ہیں۔
ان دونوں کلپس پر تبصرہ کرتے ہوئے آصف نے ‘ایکس’ پر لکھا “ہمیں یقین تھا کہ نئی نسل ہماری نسل سے بہتر اور زیادہ اصول پسند ہوگی۔ معلوم نہ تھا کہ یہ لوگ بددیانتی کے ماہر نکلیں گے اور اتنی حیران کن تیزی سے اپنے رنگ بدلیں گے۔
ان کے اس بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے رحمان نے ‘ایکس’ پر لکھا کہ “وفاقی وزیرِ دفاع کی جانب سے پیپلز پارٹی اور ہماری قیادت، بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں تبصروں کا یہ سلسلہ ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے ‘ریڈ لائن’ (حد) عبور کر لی ہے۔”
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جماعت کے خلاف تضحیک آمیز زبان، بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ ریمارکس، ہمارے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔ یہ ہمارے لیے ایک ریڈ لائن ہے۔
اس سے قبل خواجہ آصف نے لاہور میں بلاول ہاؤس کی ملکیت کا معاملہ سیاسی بحث میں شامل کر لیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیرِ دفاع نے بلاول ہاؤس لاہور کی ملکیت اور اس کے استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا: ”کیا کوئی اس جائیداد کی ملکیت کے بارے میں بتا سکتا ہے؟ اس کا مالک کون ہے اور وہاں کون رہتا ہے؟ اگر اس محل نما قلعے کو کوئی استعمال کر رہا ہے، تو وہ کون لوگ ہیں؟“

اپنا تبصرہ بھیجیں