صدر زرداری کے استعفے کی افواہیں من گھڑت و جھوٹ ہیں، شازیہ مری

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہاہے کہ صدر زرداری کے استعفے کی افواہیں من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔جاری بیان میں شازیہ مری نے صدر آصف علی زرداری کے استعفے کی افواہوں پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی اور صدر آصف علی زرداری نے ثابت کیا ہے کہ ہم کبھی میدان نہیں چھوڑتے، تاریخ گواہ ہے صدر آصف زرداری نے آمریت اور قید کا سامنا کیا لیکن پیچھے نہیں ہٹے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے اتحادیوں سے اچھے تعلقات ہیں اور4صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، اس لیے ایسے کسی سوال کا کوئی جواز نہیں۔شازیہ مری نے کہاکہ صدر زرداری وہ واحد سیاستدان ہیں جنہوں نے صدارتی اختیارات پارلیمان کو دیے، صدر زرداری کی سیاسی بصیرت کی بدولت چاروں اکائیوں کو صوبائی خود مختاری ملی۔انہوں نے کہاکہ جب ملک مشکلات میں آیا تو صدر زرداری ہی تھے جنہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، حقوقِ بلوچستان ہوں یا سوات میں امن و امان کا قیام صدر زرداری کی بدولت ہی ممکن ہوا۔شازیہ مری نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری ملک کے پہلے سویلین صدر ہوں گے جو اپنی دو صدارتی مدتیں مکمل کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں