کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی مجلس عاملہ کا اہم ہنگامی اجلاس زیر صدارت جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی منعقد ہوا اجلاس میں کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، قتل و غارت گری، ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا گیا گزشتہ ایک ہفتے کے دوران قمبرانی روڈ پشتون آباد ہزار گنجی شہر کے مختلف مقامات پر مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے سات سے آٹھ افراد کا بے دردی سے قتل اور متعدد ڈاکہ زنی و چوری کی وارداتیں انتظامیہ کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اجلاس سے جمعیت علماء اسلام ضلع کویٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی حاجی عبدالصادق نورزئی شیخ الحدیث مولانا شاہ محمد حاجی قاسم خان خلجی مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا سعید احمد مولانا محمد عسی مولانا مفتی نیک محمد فاروقی حافظ مجیب الرحمن ملا خیل مولانا قاری نظر محمد مولانا مفتی محمد روزی خان بادیزی مولانا علی جان مولانا حزب اللہ ملنگ یا ر اختر جان مری چوہدری محمد عاطف حافظ رحمن گل مولانا محمد اکبر مینگل مولانا حافظ احمد جان ساسولی مولانا ضیاء الرحمن فاروقی مولانا محمد اسلم عبدالباری شہزاد ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ اس قسم کے وحشیانہ مظالم پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتی ہے یہ واقعات نہ صرف انسانیت کے خلاف جرم ہیں بلکہ شہر کے پرامن ماحول کو تباہ کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش بھی محسوس ہوتے ہیں۔ شہریوں کا جان و مال غیر محفوظ ہو چکا ہے اور انتظامیہ خوابِ غفلت میں ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کا مطالبہ ہے کہ پولیس اور دیگر انتظامی محکمے بھتہ خوری اور عوام کو تنگ کرنے کی بجائے اپنی تمام تر توجہ امن و امان کے قیام پر مرکوز کریں یہ بات ناقابلِ برداشت ہے کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے والے ادارے خود مسائل کا باعث بنیں انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام طبقوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ مذہبی، سیاسی، سماجی تنظیمیں اور عوام الناس سب کو متحد ہو کر شرپسند عناصر کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ ان واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔ بصورت دیگر جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

