کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹر سمیع کاکڑ نے سنڈیمن پراونشل اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سپیشلٹی یونٹس میں نو قائم کردہ ہیلتھ کارڈ کاؤنٹرز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ یہ کاؤنٹرز اس وسیع تر حکومتی اقدام کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ہیلتھ کارڈ اسکیم کے تحت 24 گھنٹے، سات دن دستیاب مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج میسر آ سکے۔نئے کاؤنٹرز کا قیام وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وزیر صحت کے اس وژن کا عملی اظہار ہے، جس کے تحت صوبے کے عوام کو مفت، معیاری اور آسانی سے دستیاب صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات سے آراستہ کرنا ہے، تاکہ کسی بھی مریض کو مالی رکاوٹوں کے باعث علاج سے محروم نہ رہنا پڑے۔سی ای او نے اپنے دورے کے دوران MS SPH اور ان کی پوری ٹیم کی جانب سے مریضوں کی بہتر نگہداشت، خدمات کے معیاری نفاذ اور ہیلتھ کارڈ کی مؤثر فراہمی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائیں اور خدمت کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شفافیت، بروقت ادویات کی دستیابی، اور خوش اخلاقی سے مریضوں سے پیش آنا بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے کامیاب اور پائیدار نفاذ کے لیے کلیدی عناصر ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ BHCP کی جانب سے اسپتالوں میں سہولت ڈیسک کی فعالیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

