کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و ایم پی اے حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا، حکومت عوامی خدمت کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ جتک ہاوس کوئٹہ میں کھلی کچہری کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ کھلی کچہری میں سریاب مل اسکیم، کلی شاہ نواز، کلی چلتن، کیچھی بیگ، مشرقی بائی پاس اور دیگر مضافاتی علاقوں سے بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔اس دوران شہریوں نے اپنے روزمرہ کے مسائل، شکایات اور تجاویز براہ راست حاجی علی مدد جتک کے گوش گزار کیں۔ انہوں نے عوام کی بات کو بغور سنا اور متعدد مسائل پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک نے کہاعوام کی خدمت میرے لیے عبادت ہے۔ میرے دروازے بلوچستان کے ہر فرد کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ عوام کے مسائل کو سننا اور انہیں حل کرنا میرا اولین فرض ہے، اور میں دن رات اس مشن پر کاربند ہوں میں بلا امتیاز رنگ، نسل یا مذہب ہر فرد کی خدمت کو اپنا شعار سمجھتا ہوں، اور ان شاء اللہ اس مشن کو جاری رکھوں گا۔حاجی علی مدد جتک نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ شرکاء نے حاجی علی مدد جتک کے اس عوام دوست اقدام کو سراہا اور انہیں ایک باہمت، درد دل رکھنے والا نمائندہ قرار دیا۔ کھلی کچہری کے دوران عوامی جوش و خروش اور نمائندے پر اعتماد کا ماحول نمایاں طور پر محسوس کیا گیا۔

