کوئٹہ(این این آئی)سی ای او ہیلتھ کارڈ پروگرام بلوچستان ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے نفاذ کو تیز کرنے اور جاری آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جمعرات کو بی ایم سی ہسپتال کا دورہ کیا۔دورے کے دوران، مریضوں کی آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ہسپتال کے مرکزی دروازے اور او پی ڈی کے قریب سمیت اہم مقامات پر ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیااس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ہیلتھ کارڈ میڈیکل سٹور کو زیادہ نمایاں جگہ پر منتقل کیا جائے گا تاکہ ضرورت مند مریضوں کو 24/7 ضروری ادویات کی دستیابی ہو سکے۔ ڈاکٹر سمیع کاکڑ نے ہدایت کی کہ زیر التواء فنڈز ایک ہفتے کے اندر تقسیم کیے جائیں اور بتایا کہ ہیلتھ کارڈ ٹیم فنڈ مینجمنٹ اور سروس ڈیلیوری سے متعلق باقی مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹیم جلد ہسپتال کا دوبارہ دورہ کریگی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل ہسپتال ڈاکٹر آصف شاہوانی نے ہسپتال میں ہیلتھ کارڈ پروگرم کی ٹیم کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور قریبی رابطہ کاری اور بروقت نفاذ کے ذریعے پروگرام کی کامیابی کو آسان بنانے کے لیے ہسپتال کے عزم پر زور دیا۔

