اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم یوتھ پروگرام، برٹش ای سپورٹس فیڈریشن اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ نے پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ اور ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان کی پہلی قومی ای سپورٹس پالیسی کی تشکیل،نوجوانوں کی شمولیت، ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی اور جدت پرمبنی روزگارکے مواقع میں اضافہ ہے۔رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن امنہ بتول نے جمعرات کو برٹش ای سپورٹس اور دولت مشترکہ سیکرٹریٹ کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ای سپورٹس کے فروغ کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس میں سپورٹس اور تعلیم سمیت تمام شعبوں کی نمائندگی ہے، نوجوان موبائل پر گیمز کھیل کر زرمبادلہ کماتے ہیں، اس کو باضابطہ بنانے اور قانونی شکل دینے پر توجہ مرکوز ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام، برٹش ای سپورٹس فیڈریشن اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا مقصد پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ اور ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری وزیراعظم یوتھ پروگرام محمد علی ملک نے کہا کہ تمام فریقوں کی مشاورت سے پہلی ای سپورٹس پالیسی تشکیل دی جارہی ہے، اس مفاہمت کی یادداشت سے ای سپورٹس کے فروغ اور پاکستان میں ای سپورٹس فیڈریشن کے قیام میں مدد ملے گی۔وزیراعظم یوتھ پروگرام ملک میں ای سپورٹس کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے کام کررہا ہے۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے دولت مشترکہ سیکرٹریٹ کے نمائند ے لین رابنسن نے پاکستان میں ای سپورٹس کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

