5 اگست 2025 کو یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر، پورے ملک کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے،حکومت بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ایک اعلامیہ کے مطابق 5 اگست 2025 کو یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر، پورے ملک کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ یومِ استحصال کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا اور اس دن کی مناسبت سے تقریبات کو ملک بھر میں اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں، 5 اگست 2025 کو یومِ استحصال کشمیر کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو مختلف تقریبات اور سرگرمیاں تفویض کی گئی ہیں۔ ان تقریبات کی پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر تشہیر، خصوصی پیغامات اور تصویری کوریج کی ذمہ داری محکمہ اطلاعات کو سونپی گئی ہے۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع اور ڈویژنز میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد کریں۔ اس کے علاوہ، ضلعی اور تحصیل سطح پر عوامی ریلیوں، خصوصی تقریبات، تصویری نمائشوں اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔ صوبے بھر کے شہروں میں عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا، اور اہم مقامات پر پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے ایک ساتھ آویزاں کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی، ڈپٹی کمشنرز ریلیوں کی صورت میں بڑے پیمانے پر دن کی آگاہی کو یقینی بنائیں گے اور یومِ استحصال کشمیر کا مکمل پیغام عوام تک پہنچائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں