ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد، شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا،گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا

اسلام آباد(این این آئی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد آمد کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے، ایرانی صدر کے اعزاز میں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، مسعود پزشکیان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیااور سلامی لی۔اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں، چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی جبکہ ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔وزیراعظم نے معزز مہمان سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ ایرانی صدر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کی تعارف کرایا۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان گزشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے، صدر مسعود پزشکیان نے مزار اقبال پر حاضری دی تھی اور بعد ازاں صدر مسلم لیگ شہباز شریف سے ملاقات بھی کی تھی۔ ایران کے صدر پاکستان میں مصروف ترین دن گزاریں گے، ایرانی صدر کی وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں طے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات میں باہمی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، بعد ازاں معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں