کراچی(این این آئی)وزیرِاعلی سندھ مراد علی شاہ نے یوم شہدائے سندھ پولیس پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پولیس شہدا کی قربانیوں کو بھولی نہیں ہے، قیام امن کے لیے سندھ پولیس کے اہلکار اپنی جان کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ1971 سے اب تک سندھ پولیس کے 2 ہزار 549 اہلکار شہید ہو چکے ہیں، شہدا میں 4 ایس پی، 1 اے ایس پی اور 22 ڈی ایس پی بھی شامل ہیں۔وزیرِاعلی سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس شہدا کی قربانیوں کو بھولی نہیں ہے، صوبائی حکومت نے پولیس شہدا پیکج اور مراعات میں اضافہ کیا ہے، شہید اہلکاروں کے ورثا کو 60 سال کی عمر تک تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید کے خاندان کو 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس اور سرکاری رہائش دی جائے گی، شہید اہلکاروں کے بچوں کے لیے اسکالرشپس اور تعلیمی اداروں میں داخلہ کوٹا بھی مختص ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو اسکالرشپ پروگرام میں بھی توسیع دی ہے، دورانِ سروس وفات پر خاندان کو 6 سے 30 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کا علاج اور قانونی معاونت بھی حکومت سندھ فراہم کرتی ہے۔

