کراچی(این این آئی)مسابقتی کمیشن نے چینی کارٹل کیس کی سماعت شوگر ملز مالکان کی درخواست پر موخر کردی۔اعلامیے کے مطابق 70 سے زائد شوگر ملوں نے سماعت موخر کرنے کی درخواست دی تھی، مسابقتی کمیشن نے سماعت کی نئی تاریخ 22 تا 25 ستمبر مقرر کردی۔التوا درخواستوں میں کہا گیا کہ وکلا سپریم کورٹ تعطیلات کے باعث دستیاب نہیں، 50 سے زائد ملوں نے ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں بھی اپیل دائر کردی۔ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے ایک بار سماعت ملتوی کی جاتی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مزید تاخیر یا التوا نہیں دیا جائے گا،سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی، ٹربیونل نے مسابقتی کمیشن کو کیس کی دوبارہ سماعت کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ مسابقتی کمیشن نے شوگر ملز مالکان کو آج سماعت کیلئے طلب کر رکھا تھا۔

