کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماسردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ سانحہ 8اگست کے المناک دن کی یادیں آج بھی تازہ ہیں اور ہم اس سانحہ میں شہید ہونے والے وکلاء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں ہمیشہ انصاف کی بالادستی اور دہشتگردی کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی رہیں گی یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں ایک ایسی قوم کے طور پر متحد رہنے کی ضرورت ہے جو دہشتگردی کے خلاف اور انصاف کے قیام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہم ان کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔سردارسربلند جوگیزئی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے تمام وکلاء برادری کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو آج بھی انصاف کی بالادستی کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

