لاہور (این این آئی) جناح اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں زبردستی داخل ہونے اور مریض کا زبردستی آپریشن کرنے پر ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد محکمہ صحت نے انھیں معطل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور کے ڈاکٹر شبیر چوہدری کے خلاف دو روز قبل مریض کا زبردستی آپریشن کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد اب محکمہ صحت پنجاب نے متحرک ہوتے ہوئے ڈاکٹر شبیر کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا ہے۔ ڈاکٹر شبیر کو محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ادھر پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شبیر محکمہ صحت کو رپورٹ کیے بغیر جناح اسپتال میں زبردستی داخل ہوئے تھے، ان پر اسپتال سے 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا سامان غائب کرنے کا بھی الزام ہے۔

