کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں پر پابندی اور اس کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، محکمہ ماحولیات کے افسران، اسسٹنٹ کمشنران اور تمام سب ڈویڑن کے مجسٹریٹس نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پلاسٹک تھیلوں کا استعمال انسانی صحت کے لیے شدید نقصان دہ ہے اور یہ جان لیوا بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ ماہرین نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پلاسٹک تھیلے نہ صرف انسانی زندگی پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں بلکہ ماحول اور قدرتی نظام کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ممنوعہ پلاسٹک تھیلوں کے استعمال سے گریز کریں اور صرف حکومت سے رجسٹرڈ شدہ پلاسٹک بیگز استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر اس مہم کو کامیاب نہیں بنا یا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے تمام افسران اور مجسٹریٹس اپنے متعلقہ سب ڈویڑن میں پلاسٹک تھیلوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کریں تاکہ اس مضر اور ممنوعہ استعمال کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

