اپوزیشن خوش نہ ہو، ہم کوشش کرینگے دوستوں کو منا کر واپس لے آئیں، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اپوزیشن خوش نہ ہو، ہم کوشش کریں گے کہ دوستوں کو منا کر واپس لے آئیں، سیاست میں نرمی اور گرمی چلتی رہتی ہے، یہ وقتی باتیں ہیں۔سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے بہت محنت سے سیلابی صورتحال سے نمٹا۔ حالیہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان بیانات کے تبادلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاست میں نرمی گرمی چلتی رہتی ہے، اس وقت موسم گرم ہے لیکن سردی آنے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے الفاظ سے دل آزاری ہوئی ہے تو بطور سیاسی کارکن انہیں دکھ ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری بزرگ سیاستدان ہیں، وہ صلح کار کا کردار ادا کریں گے۔پیپلز پارٹی کے ارکان سینیٹ کے واک آؤٹ پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن خوش نہ ہو، ہم دوستوں کو منا کر واپس لے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے اپنا آئینی کردار ادا کیا، کسی کی دل آزاری نہیں ہونی چاہیے تھی اور پانی کی تقسیم انڈس ریور معاہدے کے مطابق ہی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں