سندھ کیخلاف مسلم لیگ (ن) کا اعلان جنگ خطرناک،نتائج ملک کیلئے اچھے نہیں ہوں گے، سینیٹر قراۃ العین مری

اسلام آباد (این این آئی)رہنماء پیپلز پارٹی سینیٹر قر اۃلعین مری نے کہا کہ سندھ کیخلاف مسلم لیگ (ن) کا اعلان جنگ خطرناک،نتائج ملک کیلئے اچھے نہیں ہوں گے، جاتی امرا میں مودی کے ساتھ ملاقاتیں کرنے والے بلاول بھٹو کے خارجہ امور پر سوال اٹھاتے اچھے نہیں لگ رہے۔عظمی بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنماء پیپلز پارٹی سینیٹر قر اۃلعین مری نے کہا کہ جب بھی پی پی پی سیلاب متاثرین کی بات کرتی ہے، ن لیگ اسے پنجاب پر حملہ کیوں قرار دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظمی بخاری تنخواہ حلال کرتے کرتے ماسی مصیبتے بن گئیں،پنجاب سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور عظمی بخاری کو سندھ فوبیا ہوا پڑا ہے۔ سینیٹر قر اۃلعین مری نے کہا کہ سندھ کے خلاف مسلم لیگ ن کا اعلان جنگ ایک خطرناک روایت ہے جس کے نتائج ملک کیلئے اچھے نہیں ہوں گے، صوبائیت پھیلا کر عظمی بخاری کی باس نے اپنی پارٹی کو لسانی پارٹی بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز شہباز شریف کی کامیابی کو ہضم نہیں کرپارہے،شہباز شریف کی کامیابی سے خائف ہوکر مریم نواز نے پی پی پی کو نشانے پر لیا ہے تاکہ وفاق کمزور ہو۔ انہوں نے کہا کہ عظمی بخاری کبھی نواز شریف کو را کا ایجنٹ کہتی تھیں، مسلسل پارٹی بدلنے والے کسی کے وفادار نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جاتی امرا میں مودی کے ساتھ ملاقاتیں کرنے والے بلاول بھٹو کے خارجہ امور پر سوال اٹھاتے اچھے نہیں لگ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں