اسلام آباد (این این آئی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جمعہ کو نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ نے شرکاء کو موجودہ سٹاک کی دستیابی سے آگاہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے سپلائی کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں ان اشیاء کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکام کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں قومی غذائی تحفظ، بجلی اور اقتصادی امور کے وزرا کے علاوہ تجارت اور صنعتوں کی وزارتوں کے سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی۔ تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے چیئرمین اور متعلقہ محکموں کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

