پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہیں‘ اسپیکر ملک احمد خان

لاہور (این این آئی) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہیں،یہ تعلق احترام، اعتماد اور مشترکہ تعاون کی بنیاد پر مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ترکیہ کے 102 ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی میزبانی ترکیہ کے لاہور میں تعینات قونصل جنرل مہمت ایمن شمشییک نے کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین، چین کے لاہور کے قونصل جنرل ژاؤ شی رین،امریکہ لاہور قونصلیٹ کے پولیٹیکل آفیسر سمیت مختلف ممالک کے سفارتی نمائندے اور معزز مہمان بھی موجود تھے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ چاہے قدرتی آفات ہوں یا علاقائی چیلنج، ترکیہ نے ہر موقع پر پاکستان کے لیے تعاون اور دوستی کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ترکیہ کے عوام کو اپنا قریبی اور مخلص بھائی سمجھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد مزید بڑھ رہا ہے۔ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شمشییک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے ہر دور میں ترکیہ کی حمایت کی اور ترکیہ پاکستانی عوام کے اس اخلاص کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مستقبل میں تجارت، تعلیم اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید مضبوط اشتراک کاری کریں گے۔ تقریب خوشگوار اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں