لاہور (این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر کے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کے صاحبزادے اور متحرک سیاسی رہنما بیرسٹر ملک عمیر سیف الملوک کھوکھر نے یونین کونسل 109 اور 110 میں متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا۔ترقی و خوشحالی کے اس نئے دور میں شہری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف فلٹریشن پلانٹس کو فعال کیا گیا۔ مرغزار کالونی میں جدید فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا جبکہ ٹینکی والا فلٹریشن پلانٹ نزد بھٹیاں والا موڑ، حویلی باہر والی نیاز بیگ، رانا ٹاؤن بدھ بازار اور لالہ زار وارڈ نمبر 1 میں بھی فلٹریشن پلانٹس کو عوام کے لیے فعال کر دیا گیا۔اس موقع پر اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت، صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر، صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر اور بیرسٹر عمیر سیف الملوک کھوکھر کے حق میں نعرے لگائے۔ عوام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر دکھائے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ ملک عمیر کھوکھر کی خصوصی دلچسپی اور عملی کوششوں سے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ صاف پانی کی فراہمی، بہتر سڑکوں کی تعمیر اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال ہیں۔اس موقع پر بیرسٹر ملک عمیر سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کے بنیادی مسائل کا حل اور سہولیات کی فراہمی ہے۔ صاف پانی، بہتر سڑکیں اور صحت مند ماحول کی فراہمی ممکن بنا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے جبکہ وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں لاہور کو ایک جدید اور خوشحال شہر بنانے کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر اسپورٹس کوارڈینیٹر ملک انوش کھوکھر، مقامی عہدیداران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

