اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف اور زیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن میں انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ سمیت 4 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔اپنے بیان میں وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد کو ہلاک کیا، سیکورٹی فورسز نے پاکستان کی سالمیت کے دشمنوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو اس انداز میں شکست دیتے رہیں گے جب کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی پاک افغان سرحد سے باجوڑ میں خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت 4 خوارج کو جہنم واصل کیا، قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے، قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

