پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیشِ نظر نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے،وزیر مواصلات

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیشِ نظر نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیشِ نظر نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ موجودہ چار صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو تین تین انتظامی حصوں میں تقسیم کیا جائے، جنہیں ان ہی صوبوں کے نام کے ساتھ نارتھ، سینٹرل اور ساؤتھ کہا جائے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ نئی انتظامی تقسیم عوامی مسائل کے حل کو اْن کی دہلیز تک پہنچائے گی، انتظامی کارکردگی کو بہتر بنائے گی اور چیف سیکریٹری، آئی جی اور ہائی کورٹ جیسے اداروں کو زیادہ مؤثر طور پر کام کرنے کے قابل بنائے گی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے نئے صوبوں کی بات صرف سیاست اور نعروں تک محدود رہی۔ اب وقت ہے کہ باہمی مشاورت اور سنجیدگی سے اس وڑن کو حقیقت میں بدلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے پاکستان کو تقسیم نہیں کریں گے بلکہ قومی یکجہتی کو مضبوط، معیشت کو مستحکم اور علاقائی ترقی کو متوازن بنائیں گے۔آئیے ہم سب مل کر عوام دوست اور انتظامی طور پر قابلِ عمل صوبوں کی تشکیل کی راہ ہموار کریں، تاکہ ہر شہری کا مسئلہ اْس کی دہلیز پر حل ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں