پی ایم اے کوئٹہ نے پروفیسر ڈاکٹر عابد کی زیر صدارت الیکشن کمیشن قائم کردیا،ڈاکٹر عبدالرشید جمالی،ڈاکٹر محمدجاوید مروت اراکین میں شامل

کوئٹہ (این این آئی) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کوئٹہ کا جنرل باڈی اجلاس ڈاکٹر سعید اللہ خان کی صدارت میں ہفتہ کو بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ میں منعقد ہوا جبکہ ڈاکٹر عیسیٰ خان جوگیزئی اور ڈاکٹر اشرف بگٹی شریکِ صدر رہے۔ اجلاس میں تنظیمی امور، انتخابات،ڈاکٹروں اور مریضوں کی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ وردگ، ڈاکٹر اسماعیل میروانی، ڈاکٹر ایوب بادینی،پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ کاکڑ، پروفیسر ڈاکٹر عابد، ڈاکٹر عبدالرشید جمالی، ڈاکٹر محمد جاوید خان، ڈاکٹر عبدالغفار بلوچ، ڈاکٹر منظور بلوچ، ڈاکٹر ارشاد مگسی، ڈاکٹر زیت اللہ کاکڑ، ڈاکٹر وزیر احمد، ڈاکٹر علی مردان مینگل، ڈاکٹر سعید احمد میروانی، ڈاکٹر عبدالرحیم، ڈاکٹر امیرمحمد،ڈاکٹر فیاض مستوئی، ڈاکٹر شہزاد مینگل، ڈاکٹر نادر محمود بلوچ، ڈاکٹر نادر خان اچکزئی، ڈاکٹر منیر جمال گچکی، ڈاکٹر اشرف ترین، ڈاکٹز عزیر مگسی، ڈاکٹر مدثر ابڑو اور کوئٹہ کے دیگر معزز ڈاکٹروں نے شرکت کی۔جبکہ ڈاکٹر بہارشاہ،ڈاکٹر حفیظ مندوخیل،ڈاکٹر حئی بلوچ،ڈاکٹر مزمل اوردیگر نے بطور مبصراجلاس میں شرکت کی۔جنرل باڈی نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ کی تنظیمِ نو کے عزم کا اعادہ کیا اور فیصلہ کیا کہ چونکہ موجودہ کابینہ کو ڈاکٹر عبدالرحیم بگٹی صدر پی ایم اے کوئٹہ نے تحلیل کر دیا ہے، اس لیے نئے انتخابات شفاف اور آئینی بنیادوں پر کرائے جائیں گے۔اجلاس نے پی ایم اے کوئٹہ الیکشن کمیشن کے قیام کی منظوری دی، جو پروفیسر ڈاکٹر عابد کی زیرِ صدارت ہوگا جبکہ ڈاکٹر عبدالرشید جمالی اور ڈاکٹر محمدجاوید مروت اس کے اراکین ہوں گے،یہ کمیشن منصفانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرنے کا مجاز ہوگا اور جلد انتخابی شیڈول جاری کرے گا۔اجلاس نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے بلوچستان کے ڈاکٹروں اور مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن دونوں کا بنیادی منشور ڈاکٹروں اور مریضوں کی فلاح کے لیے مشترکہ جدوجہد ہے۔ جو مشترکہ جاری رہے گا۔اجلاس نے صوبائی الیکشن کمیشن کے قیام کی بھی توثیق کی، جو پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ وردگ کی زیرِ صدارت اور دیگر معزز ڈاکٹروں پر مشتمل ہوگا، تاکہ صوبے بھر میں پی ایم اے کے انتخابات شفاف، منصفانہ اور آئینی تقاضوں کے مطابق منعقد کیے جا سکیں۔اجلاس نے وائی ڈی اے بلوچستان کے جائز مطالبات کی غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ ان مطالبات کو فوراً تسلیم کیا جائے تاکہ محکمہ صحت میں بے یقینی کی کیفیت ختم ہو۔اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کو اس کے سابق دفتر کے بدلے میں جلد ازجلد ایک نیا مناسب دفتر فراہم کیا جائے، جو بی ایم سی ایچ انتظامیہ نے لے لیا تھا۔فیصلہ کیا گیا کہ پی ایم اے کوئٹہ کے انتخابات مکمل ہونے تک ایسوسی ایشن کے روزمرہ امور الیکشن کمیشن انجام دے گا۔اجلاس نے صدر پی ایم اے بلوچستان ڈاکٹر نور قاضی کے ان مثبت اقدامات کو سراہا۔ جو انہوں نے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے کیے۔ جنرل باڈی اجلاس نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ بلوچستان تمام خالی اسامیوں بشمول اساتذہ، اسپیشلسٹس، مینجمنٹ، میڈیکل آفیسرز اور لیڈی میڈیکل آفیسرز کی پوسٹیں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ریگولر بھرتیوں کے لیے بھیجے۔اجلاس نے واضح کیا کہ ایڈہاک اور کنٹریکٹ بنیادوں پر تعیناتیوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔اجلاس نے محکمہ صحت کے اندر موجود بعض عناصر کی جانب سے سینئر ڈاکٹروں اور طبی برادری کے خلاف کردار کشی اور بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت کی، اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے منفی رویوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔جلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اتحاد، عزم، اور پیشہ ورانہ دیانت داری کے ساتھ ڈاکٹروں اور مریضوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔اجلاس نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات شفاف، منصفانہ اور جمہوری انداز میں منعقد ہوں گے تاکہ پی ایم اے کے ادارہ جاتی استحکام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں