جدید دنیا میں کھیل تفریح،معیشت، سفارتکاری اور قومی تشخص کا طاقتور ذریعہ بن چکے ہیں، سیدال خان ناصر

کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، سیدال خان ناصر نے علی ایمبرائیڈری ملز انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف ایک کھیلوں کے مقابلے کا اختتام ہے بلکہ پاکستان کے نوجوانوں کے حوصلے، عزم اور عالمی معیار کی جانب بڑھتے قدموں کی روشن علامت ہے۔تقریب کا انعقاد پاکستان ٹینس فیڈریشن کی شاندار میزبانی میں کیا گیا، جس میں معروف کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور نوجوان ٹینس اسٹارز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے عیصام الحق قریشی، صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن، کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا اور ملک میں ٹینس کے فروغ کے لیے مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیصام الحق کی قیادت میں پاکستان ٹینس فیڈریشن نے نچلی سطح سے لے کر بین الاقوامی معیار تک اس کھیل کو فروغ دینے کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے سلیم سیف اللہ خان کے خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت، نظم و ضبط اور ادارہ جاتی سوچ نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو ایک نئی شناخت بخشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن نے بین الاقوامی درجہ بندی میں گروپ C سے گروپ A تک ترقی حاصل کی ہے، جو کہ ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ یہ ترقی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں صلاحیت، جوش اور عزم کی کوئی کمی نہیں۔ حکومتِ پاکستان اور پارلیمان کھیلوں کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی تعاون، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔بلوچستان، خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور سندھ کے نوجوانوں کو اس کھیل میں آگے آتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔گورنمنٹ کی کھیلوں کے حوالے سے کاوشوں کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی انہوں نے کہا کہ کھیل کسی بھی قوم کی تعمیرِ شخصیت کا اہم ذریعہ ہیں، جو نوجوانوں میں برداشت، دیانت، نظم و ضبط اور خوداعتمادی پیدا کرتے ہیں۔ کھیل صرف جیت اور ہار کا نام نہیں بلکہ وقار اور کردار کی مضبوطی کا درس دیتے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ جدید دنیا میں کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ معیشت، سفارت کاری اور قومی تشخص کا ایک طاقتور ذریعہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان مختلف کھیلوں میں اپنی کارکردگی کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم سربلند کر رہے ہیں، خواہ وہ کرکٹ ہو، اسکواش، ہاکی یا ٹینس۔انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا“آپ صرف کھیل کے نمائندے نہیں بلکہ پاکستان کے تشخص اور مستقبل کے سفیر ہیں۔ آپ کی کامیابی دراصل پاکستان کی کامیابی ہے۔”ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کے ساتھ ٹینس کے شعبے کو مزید فروغ دے گی اور آنے والے برسوں میں پاکستان عالمی ٹینس کے نقشے پر نمایاں مقام حاصل کرے گا۔انہوں نے اختتام پر تمام منتظمین، کوچز، والدین اور نوجوان کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور جذبہ ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ“اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، خوشحالی، امن اور کامیابیوں سے نوازے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں