27ویں آئینی ترمیم کو وہ سندھ سمیت پورے ملک پر حملہ سمجھتے ہیں،ایاز لطیف پلیجو

ٹنڈو محمد خان (این این آئی)قومی عوامی تحریک کے سربراہ اور معروف قانون دان ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کو وہ سندھ سمیت پورے ملک پر حملہ سمجھتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانے کے لیے 27ویں ترمیم کا سودا کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی نے 26ویں ترمیم منظور کرائی اور اب 27ویں ترمیم بھی منظور کرانے جا رہی ہے۔یہ بات انہوں نے یونین کونسل مویا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم ختم کرکے صوبوں سے اختیارات اور وسائل چھینے جا رہے ہیں، لیکن پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت کو سندھ کا بٹوارہ کرنے نہیں دیا جائے گا،سندھ ہمارا تاریخی وطن ہے اور پاکستان کا بانی صوبہ ہے۔ 27ویں ترمیم کے ذریعے سندھ کی وحدت پر کوئی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا، پیپلز پارٹی اقتدار کی لالچ میں سندھ کو توڑنا چاہتی ہے۔ بے روزگاری، مہنگائی، منشیات، بدامنی اور کرپشن نے سندھ کو دلدل میں دھکیل دیا ہے، لیکن پرامن جدوجہد کے ذریعے سندھ کو نجات دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جاگیرداروں، پیپلز پارٹی اور کرپٹ حکمرانوں کو سندھ لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی سندھ حکومت کی زرعی دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ہر سال چاول کی مصنوعی طور پر قیمتیں گرائی جاتی ہیں، جس سے کاشتکاروں اور ہاریوں کا معاشی قتل کیا جاتا ہے۔ ابھی تک گنے کی سرکاری قیمت مقرر نہیں کی گئی اور نہ ہی شوگر ملیں چلانے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔ان کے مطابق سندھ حکومت نے سندھ کی زراعت کو تباہ کر دیا ہے، اگر وقت پر شوگر ملیں نہ چلیں تو گندم کی کاشت ممکن نہیں ہوگی، جس سے ملک میں آٹے کا بحران پیدا ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چاول کا سرکاری نرخ 4000روپے فی من، گنے کا 600 روپے فی من، اور گندم کا 4500 روپے فی من مقرر کیا جائے اور سرکاری خریداری مراکز قائم کیے جائیں انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار سے سندھ بھر میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں،ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ہے، ڈاکٹر اور دوائیں موجود نہیں، اور غریب عوام مہنگائی کے باعث دوائیں نہیں خرید سکتے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں نے عوامی دولت پر ڈاکے ڈالے ہیں، کروڑوں روپے کرپشن کی نذر ہوگئے۔ کرپشن میں ملوث چیئرمینوں اور افسران کو تاحیات نااہل قرار دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بار بار اقتدار میں آنے والے کرپٹ وزرا، ایم پی ایز، ایم این ایز اور سینیٹرز کے پاس سندھ کی ترقی کا کوئی منصوبہ نہیں، صرف کرپشن کی اسکیمیں ہیں۔ اسی لیے سڑکیں خستہ حال ہیں اور نظام فراڈ پر چل رہا ہے سندھ ملک کی معیشت کا مرکز ہے، اس کی تباہی ملک دشمنی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل پر قبضہ کرلیا گیا ہے، جرائم پیشہ افراد اور سرداروں کو حکومت کا سہارا حاصل ہے۔ عوام سندھ کے پانی اور وسائل کی حفاظت ہر قیمت پر کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں