کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ وزیرِ اعلیٰ نے صحت اور تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات اٹھا کر صوبے کی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کی قیادت میں بلوچستان میں پہلی بار ایسے جامع منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کا براہِ راست فائدہ عام عوام تک پہنچ رہا ہے۔ خصوصاً صوبے کے ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے انہیں بیرونِ ملک کے معروف تعلیمی اداروں میں داخلے کی سہولت فراہم کرنا وزیرِ اعلیٰ کی تعلیم دوستی اور وڑن کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے اپنی عملی کارکردگی، عوام دوستی اور انتھک محنت کی بنیاد پر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ صوبے کے حقیقی خادم ہیں۔ ان کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز ہوئی ہے اور گورننس میں بہتری کے نمایاں آثار نظر آ رہے ہیں۔حاجی علی مدد جتک نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ اپنی بہترین کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر پورے پانچ سال کی مدت مکمل کریں گے۔ پارٹی کو مضبوط کرنے اور عوامی رابطوں کو مستحکم بنانے میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیرِ اعلیٰ نے اتنا وقت، توجہ اور محنت صوبے کے عوام کے لیے نہیں دی جتنی موجودہ وزیرِ اعلیٰ نے دی ہے۔ انہی کی قیادت میں بلوچستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ایم پی اے حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی پانچ سال پورے کریں گے وزیراعلی بلوچستان پارٹی قیادت کے وژن کے مطابق صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گامیر سرفراز بگٹی واحد وزیر اعلیٰ ہے جو ملک و صوبے کے دشمنوں ڈٹ کے مقابلہ کرتا ہے۔

