محکمہ صحت صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہاہے،سیکرٹری صحت داود خان خلجی

کوئٹہ(این این آئی)سیکریٹری صحت بلوچستان داؤد خان خلجی اور سپیشل سیکریٹری صحت شہک بلوچ نے شہید بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال گلستان ٹاؤن کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حسن بلوچ ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور متعلقہ شعبوں کے انچارج بھی موجود تھے۔سیکریٹری صحت اور اسپیشل سیکریٹری نے ہسپتال کے مختلف شعبوں بشمول ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری، ایکسرے یونٹ، آپریشن تھیٹر، فارمیسی اور داخل مریضوں کے وارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی کے انتظامات اور عملے کی حاضری کا بھی جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت داؤد خان خلجی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر اور معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، جبکہ ہسپتال کے تمام شعبہ جات میں نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مریضوں سے بھی علاج و معالجے کے حوالے سے رائے لی اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔سیکریٹری صحت داؤد خان خلجی نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ صحت صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔دورے کے اختتام پر سیکریٹری صحت اور اسپیشل سیکریٹری نے ہسپتال انتظامیہ کے کام کو سراہا اور بہتری کے لیے مزید تجاویز پیش کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں