کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے بھر پور حصہ لیکرکامیابی حاصل کریں گے اورانشاء اللہ کوئٹہ کا میئر پاکستان پیپلز پارٹی سے ہوگا،پارٹی کارکنان ہمارا اصل سرمایہ ہیں انہی کی محنت اورجدوجہد کے باعث پیپلز پارٹی آج ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے کارکن پارٹی کے پیغام گلی گلی عام کریں اور مخالفین کے پروپیگنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری میں ملاقات کرنے والے پارٹی رہنماوں بلوچستان کے سنیئر رہنماء قاسم خان اچکزئی،اختر بلوچ، شاہجہان گجر،ملک شہزاد شاہوانی،سردار سرور سلیمان خیل،جہانگیر بلوچ،حاجی ندا محمد ترین،ملک قیوم مردانزی،انجینئر علی احمد موسیانی،اسرار شاہوانی،بشیر لانگو،میر بابے بنگلزئی،اشفاق زہری،ملک مولاداد قریشی،جمعہ رفیق سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے گی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالوں نے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے شروع کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی طرح کوئٹہ میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور کوئٹہ کامیئر پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالہ ہوگا۔

