میرسلیم احمد کھوسہ سے حاجی ابراہیم زہری کی قیادت میں وفد کی ملاقات

کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میرسلیم احمد کھوسہ،سیکرٹری لعل جان جعفر سے ڈپلومہ انجینئرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری حاجی ابراہیم زہری اور بی ٹیک انجینئرز کے حاجی عارف علی کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انجینئر جہانگیر اچکزئی،ٹیکنیکل ونگ کے صدر محمد حنیف زہری اورمحکمہ مواصلات وتعمیرات کے چیف انجینئرز بھی موجود تھے۔وفد نے صوبائی وز یر اور سیکرٹری کو ڈپلومہ انجینئرز اور بی ٹیک انجینئرز کے مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ صوبائی حکومت انجینئرز اوردیگر ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ڈپلومہ انجینئرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری حاجی ابراہیم زہری نے صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات اورسیکرٹری کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے ڈپلومہ اور بی ٹیک انجینئرز کے مسائل حل کرنے میں مثبت کردارادا کیا ہے جس سے صوبے کے ڈپلومہ اور بی ٹیک انجینئرز ملازمین میں پائی جانے والی احساس محڑومی اور بے چینی کا خاتمہ ہوا ہے۔ ڈپلومہ انجینئرز فیڈریشن اور بی ٹیک انجینئرز یقین دلاتی ہے کہ ڈپلومہ انجنیئرز اور بی ٹیک انجینئرز اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمے کی بہتری کیلئے کام کریں گے اور محکمہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں