نارووال (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے جدید طریقوں کے پروگرام شروع کردیئے ہیں،کسان خوشحال ہوگا تو ملک کی معیشت مضبوط ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی کے جناح ہال میں حکومت پنجاب کی طرف سے کسانوں میں گرین ٹریکٹر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کسان دھرتی کا سینہ چیر کر اور محنت کے پسینہ سے خوراک اگا کر ہمیں خود کفیل کرتے ہیں اور ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں،اللہ تعالی کے فضل وکرم سے پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اورپاکستان وہ خوش نصیب ملک ہے جہاں اللہ نے دریا،پہاڑ،چاروں موسم اور اور خوبصورت دھرتی عطا ء کی ہے،پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا نام پہلے دس ممالک میں ہوتا ہے مگر پیداواریت میں ہمارا شمار کم ترین ممالک میں ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم آج بھی روایتی طریقوں سے جڑے ہیں جبکہ دنیا نے جدید طریقوں سے پیداوار میں اضافہ کیا ہے۔پنجاب حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے جدید طریقوں کے پروگرام شروع کردیئے ہیں، گرین ٹریکٹرسکیم کی تقسیم بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، گرین ٹریکٹر سکیم سے چھوٹے زمینداروں کی حوصلہ افزائی ہوگی تاکہ ملکی پیداوار میں بھرپور اضافہ ہوسکے،اس سے لاگت کم اور پیداوار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پیداوارکوزیادہ سے زیادہ بڑھانا ہوگی،فی ایکڑ پیداوار بڑھا کر کسان خوشحال ہوگا کسان خوشحال ہوگا تو ملک کی معیشت مضبوط ہوگی،ملک کی معیشت مضبوط ہو گی تو دفاع مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کارپوریٹ فارمنگ سے پیداوار میں باہمی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں جو وقت کی اہم ضرورت ہے،معرکہ ترقی میں ہمیں کامیاب ہونا ہے تاکہ دنیا میں فتح دائمی اور ابدی حاصل ہوسکے۔محکمہ زراعت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسانوں کی رہنمائی کرے، اب سائنٹیفک اصولوں کے بغیر ترقی نا ممکن ہے،اب وقت آگیا ہے زرعی انقلاب پیدا کریں۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کامیاب کسانوں کو گرین ٹریکٹر ملنے پرمبارکبادپیش کی اور کسانوں میں گرین ٹریکٹرز کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔

