سینیٹر دوستین ڈومکی کے مغرب کے بعد کے بیانات پر کوئی گلہ نہیں انہیں سنجیدہ نہیں لینا چاہیے،حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ سینیٹر دوستین ڈومکی کے مغرب کے بعد کے بیانات پر کوئی گلہ نہیں انہیں سنجیدہ نہیں لینا چاہیے،وزیراعلیٰ کو پارٹی کا اعتماد حاصل ہے لوگ میڈیامیں ان رہنے کے لیے بیانات دیتے رہتے ہیں۔یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی میرلیاقت لہڑی کے بیان کی وضاحت پارلیمانی لیڈر میر صادق عمرانی، صوبائی صدر سردار عمر گورگیج اور میں نے کردی ہے ہم یقین دلانا چاہتے ہیں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی پر صدر مملکت آصف علی زرداری چیئر مین بلاول بھٹو اور فریال تالپور کامکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوستین ڈومکی مغرب کے بعد وہ کوئی بھی بیان دیں اسے سنجیدہ نہیں لینا چاہیے مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم کھوسہ نے بھی وضاحت کردی ہے کہ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کی کوئی بات نہیں لوگ میڈیا پر اپنے آپ کو ان رکھنے کے لیے ایسی باتیں کرتے ہیں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی 5سال وزیراعلیٰ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ان حالات میں میر سرفراز بگٹی کے علاوہ کوئی مرد کا بچہ ہے جو حالات کا مقابلہ کرے۔ایک سوال کے جواب میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ہم تبدیل ہونے والے نہیں ہیں نہ آج تک جماعت بدلی ہے پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی کوئی بات زیر غور نہیں تبدیلی پارٹی کی جانب سے ہوتی ہے وزیراعلیٰ کو جماعت کا اعتماد حاصل ہے وہ بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں سے صوبائی صدر کو جواب طلب کرنا چاہیے پارٹی طرف سے کوئی بات ہوتی تو مجھ سمیت سینئر ارکان کو اعتماد میں لیا جاتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیانات کی کوئی اہمیت نہیں ہے صوبے میں امن و امان اور ملک کے مفاد میں فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر حکومت کی مجبوری ہے جسکی وجہ سے انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں