اقلیتی برادری پیپلز پارٹی کے 58 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے انتہائی پرجوش ہے،سعید غنی

کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی سے ملاقات کی اور پارٹی کے یوم تاسیس پر کراچی میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں کراچی بھر کی اقلیتی برادری کی بھرپور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ پورے ملک اور بالخصوص صوبے بھر میں اقلیتی برادری پارٹی کے 58 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے انتہائی پرجوش ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے کراچی کے تمام اضلاع میں علیحدہ علیحدہ تقریبات کی بجائے ڈسٹرکٹ کورنگی میں عیدگاہ گراؤنڈ میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ جلسہ کراچی کی تاریخ کا ایک عظیم جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام اقلیتی برادری کی اس جلسہ عام میں شرکت کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش کمار کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور انشا اللہ پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق اقلیتی برادری کو ہر پلیٹ فارم پر ہماری پارٹی کی جانب سے تمام سہولیات فراہم کرنا ہماری زمہ داری ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ کراچی سمیت پورے صوبے میں ہونے والے تمام اضلاع میں یوم تاسیس کی تقریبات میں اقلیتی برادری کی بھرپور نمائندگی یقینی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں