کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہاہے کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں، مؤثر حکمتِ عملیوں اور شفاف معاشی فیصلوں کے باعث ملک مسلسل بہتری کی طرف بڑھ رہا ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے اعزاز میں کراچی کے معروف تاجروں، سرمایہ کاروں عقیل کریم ڈیڈی اور احمد چنائی کی جانب سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب میں ملک کی معاشی صورتِ حال، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور حکومتی معاشی اصلاحات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصرنے اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تمام قومی اسٹیک ہولڈرز کی انتھک محنت، دور اندیش فیصلوں اور مربوط اقتصادی پالیسیوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہی حکمتِ عملیوں کے نتیجے میں پاکستان مشکل معاشی حالات سے نکل کر بحالی اور ترقی کی مستحکم راہ پر گامزن ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نہ صرف ملک کے اندر معاشی بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا وقار اور اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں، بالخصوص امریکہ، پاکستان کی قیادت کی بصیرت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بین الاقوامی سطح پر مثبت پیش رفت جاری ہے، جس کے نتیجے میں متعدد ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے اہم معاہدے کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، قطر، چین اور دیگر برادر ممالک نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں بلکہ اس حوالے سے عملی اقدامات اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے بھی تواتر کے ساتھ جاری ہیں۔تقریب میں موجود کاروباری شخصیات نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور ملکی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔سیدال خان نے کہا کہ حکومت تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لیے سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے، تاکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا سکے اور عام آدمی کی زندگی میں بھی حقیقی بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ قطر، سعودی عرب، چین اور دیگر ممالک سے بڑھتا ہوا تعاوناسی معاشی اعتماد کا مظہر ہے جو پاکستان کی قیادت نے انتھک کوششوں سے حاصل کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا اور ملکی بحالی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔استقبالیہ میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سردار طاہر محمود، وزیراعظم پاکستان کے نیشنل کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس سمیت ملک کے معروف تاجروں، سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری برادری کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

