کراچی (اسٹاف رپورٹر)معروف سماجی رہنما عقیل احمد نے انچولی سادات کالونی بلاک 20میں گیس کی نئی لائن ڈالے جانے کا کام قابل ستائش قراردیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام کے بعد انچولی سادات کالونی کا پورا علاقہ ریگستان کا منظر پیش کررہا ہے ان خیالات کا اظہار عقیل احمد نے میڈیا نمائندگان کے ہمراہ علاقے کے دورے کے دوران کہی۔عقیل احمد کا کہنا تھا کہ سوئی گیس کی نئی لائن بچھانا یقیناً خوش آئند اقدام ہے، مگر متعلقہ ادارے کام ختم کرکے چلے گئے جبکہ جگہ جگہ گڑھوں، مٹی اور اڑتی دھول نے پورے علاقے کو ریگستان میں تبدیل کردیا ہے۔ اہلِ علاقہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور سڑکیں آمد و رفت کے قابل نہیں رہیں۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کم و بیش 15 امام بارگاہیں واقع ہیں جہاں مجالس اور محافل جاری ہیں، مگر موجودہ حالت میں شہریوں کا ان راستوں سے گزر پانا نہایت مشکل ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئی گیس انتظامیہ روڈ کٹنگ کے بدلے 250 روپے فی اسکوائر فٹ کی ادائیگی کر چکی ہے، اس کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے سڑکوں کی بحالی نہ ہونا شدید غفلت ہے۔عقیل احمد نے وزیرِاعلیٰ سندھ، وزیرِ بلدیات اور میئر کراچی سے سوال کیا کہ جب ادارے ادائیگی وصول کر چکے ہیں تو عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے مجاز ادارے کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ یو سی چیئرمین سے رابطہ بھی بے سود ثابت ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے جوکہ اس بات کا واضع عکاس ہے کہ سیاسی اختلافات کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ عقیل احمدنے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر انچولی کی سڑکوں اور گلیوں کی ازسرِنو تعمیر کی جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

