پولیس پبلک لائبریری سبی کو ای لائبریری کا درجہ دینے کیلئے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور

سبی(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پولیس پبلک لائبریری سبی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ای لائبریری کا درجہ دینے کے لیے 28 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے اس اقدام کے تحت طلبہ، محققین اور قارئین کو روایتی کتب کے ساتھ ساتھ جدید ڈیجیٹل سہولیات، کمپیوٹرز، انٹرنیٹ، آن لائن ڈیٹا بیسز اور ای بکس تک آسان رسائی حاصل ہو گی۔اسی طرح اربن پلاننگ کے تحت پولیس پبلک لائبریری سبی میں خواتین کے لیے علیحدہ فیمیل کمپلیکس کی تعمیر کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے، جس کے لیے الگ سے 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مجوزہ منصوبے کے مطابق اس کمپلیکس کو لائبریری کے بانی، سابق ڈپٹی کمشنر اوریا مقبول جان اور ڈی آئی جی علی شیر جکھرانی ہال کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز ہے۔کمشنر سبی ڈویڑن اسد اللہ فیض اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر الیاس کبزئی کی خصوصی ہدایات پر گزشتہ روز بی ایس ڈی آئی کی متعلقہ تکنیکی ٹیم نے سائٹ انسپکشن مکمل کرتے ہوئے منصوبے کو حتمی شکل دے دی۔واضح رہے کہ کمشنر سبی ڈویڑن اسد اللہ فیض اور ڈپٹی کمشنر سبی میجر الیاس کبزئی نے لائبریری انتظامیہ اور مطالعاتی طلبہ و طالبات سے توسیعی منصوبے پر عملی اقدامات اور پولیس پبلک لائبریری سبی کو ای لائبریری کا درجہ دلوانے کا وعدہ کر رکھا تھا، جسے اب عملی جامہ پہنا دیا گیا ہے۔اس پیش رفت پر علاقے کے ادبی و تعلیمی حلقوں، لائبریری انتظامیہ اور مطالعاتی طلبہ و طالبات نے کمشنر سبی اور ڈپٹی کمشنر سبی کے اقدامات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی علی شیر جکھرانی کی جانب سے پولیس پبلک لائبریری سبی کے تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی معاونت کو بھی سراہا گیا ہے۔یاد رہے کہ پولیس پبلک لائبریری سبی کا قیام سابقہ ڈی آئی جی سبی علی شیر جکھرانی کے وژن کا نتیجہ ہے، جو علم دوستی اور تعلیمی فروغ کی ایک روشن مثال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں