تحریر رحمت بلوچ
بلوچستان کے گرم زون کے طلبہ ایک ایسے تعلیمی نظام کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں جو نہ موسمی حقائق سے ہم آہنگ ہے اور نہ ہی تعلیمی تسلسل کو اہمیت دیتا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ گرم اور سرد زون جیسے بالکل مختلف جغرافیائی و موسمی خطوں کے لیے ایک ہی تعلیمی کیلنڈر نافذ کر دیا گیا ہے، جس کا سب سے بڑا نقصان گرم زون کے طلبہ کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
گرم زون میں تعلیمی سال کا آغاز مارچ میں کیا جاتا ہے، مگر عملی طور پر اس آغاز کے بعد صرف دو ماہ پڑھائی ممکن ہو پاتی ہے۔ جون سے اگست تک کی طویل گرمیوں کی تعطیلات مارچ، اپریل اور مئی کی ساری محنت کو ضائع کر دیتی ہیں۔ طویل وقفے کے بعد طلبہ ذہنی طور پر اس قابل نہیں رہتے کہ وہ سابقہ اسباق سے جڑ سکیں۔
اگست میں جب تعلیمی ادارے دوبارہ کھلتے ہیں تو شدید گرمی اور غیر سازگار ماحول کے باعث ایک پورا مہینہ معمول کی تعلیمی سرگرمیوں میں لگ جاتا ہے۔ یوں ستمبر میں جا کر ازسرِنو پڑھائی کا آغاز ہوتا ہے، مگر یہ تسلسل بھی زیادہ دیر قائم نہیں رہتا۔
دسمبر میں صرف انتظامی آسانی کی خاطر، سرد زون کی لانگ ٹرم چھٹیوں کے ساتھ گرم زون میں بھی تعطیلات دے دی جاتی ہیں، حالانکہ موسمی تبدیلیوں کے باعث گرم علاقوں میں اصل سردی اور دھند جنوری میں ہوتی ہے، نہ کہ دسمبر میں۔ نتیجتاً دسمبر اور جنوری کا بڑا حصہ تعلیمی سرگرمیوں سے محروم رہتا ہے۔
صورتحال اس وقت مزید خراب ہو جاتی ہے جب جنوری کے آخر میں جماعت ہشتم اور فروری میں دیگر جماعتوں کے امتحانات منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس طرح تعلیمی سال کا بیشتر حصہ یا تو تعطیلات کی نذر ہو جاتا ہے یا امتحانات کی تیاری میں گزر جاتا ہے، جبکہ تدریس کے لیے درکار تسلسل ناپید رہتا ہے۔
کتابوں کی تقسیم اور ایک ہی نوٹیفکیشن کے تحت پورے صوبے کو چلانے کی پالیسی نے گرم زون کے تعلیمی مستقبل کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ تعلیم کوئی فائل نہیں جسے ایک ہی حکم نامے سے ہر علاقے پر لاگو کر دیا جائے، بلکہ یہ ایک حساس عمل ہے جو مقامی حقائق کا تقاضا کرتا ہے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ گرم زون کے لیے علیحدہ، حقیقت پسندانہ اور طلبہ دوست تعلیمی کیلنڈر ترتیب دیا جائے۔ اگر تعلیمی سال کا آغاز یکم ستمبر سے کیا جائے اور تمام امتحانات مئی میں منعقد ہوں تو طلبہ کو مسلسل نو ماہ تک بلا تعطل تعلیم میسر آ سکتی ہے۔ بصورتِ دیگر، گرم زون کے طلبہ اسی طرح تعلیمی دوڑ میں پیچھے رہتے جائیں گے اور اس ناانصافی کا کوئی نوٹس لینے والا نہیں ہوگا۔
Load/Hide Comments

