ژوب ‘بگ کیچ اپ’ امونائزیشن مہم کا افتتاح کردیاگیا

ژوب (این این آئی) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرید ترین نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ اسپتال میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلاکر’بگ کیچ اپ’ ویکسین مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ مہم سولہ جون سے اٹھائیس جون تک جاری رہے گا، جس کے تحت ضلع بھر میں ہزاروں بچوں کو بارہ مختلف خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔افتتاحی تقریب میں ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر سلطان موسیٰ خیل، محکمہ بہبود آبادی کے آفیسر حسیب مندوخیل، سی سی او کام نیٹ سعید اللہ لوؤن، ڈی ایس وی، ای پی آئی محمد اسماعیل، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر عزیز، سینئر فارماسسٹ ڈاکٹرعبدالقیوم، قاسم مندوخیل، شیر زمان مندوخیل، ڈبلیو ایچ او کے یو سی پی اوز اور کام نیٹ کے سی بی اوز بھی موجود تھے۔ یہ مہم ژوب کے دور دراز، شہری اور دیہی علاقوں میں چلائی جا رہی ہے۔ ژوب کی سرحدیں افغانستان اور جنوبی وزیرستان سے متصل ہیں۔سعیداللہ لوؤن نے کہ کہ یہ مہم بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک نہایت اہم قدم ہے۔ ہم والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ ویکسین ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جاسکے۔ڈی ایس وی، ای پی آئی محمد اسماعیل نے بتایا کہ ویکسینیشن ٹیمیں مقررہ مراکز میں کام کریں گی، نیز تعلیمی اداروں میں بھی ویکسین کا کام کریں گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ یہ مہم جن بیماریوں کے خلاف بچوں کو ویکسین فراہم کر رہی ہے ان میں پولیو، خسرہ، تپ دق (ٹی بی)، ہیپاٹائٹس بی، خناق، تشنج، نمونیا، اسہال، میننجائٹس، روبیلا، فلو اور دیگر شامل ہیں، جن کی اگر بروقت نہ روک تھام نہ کی جائے، تو یہ بچوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں۔ والدین، قبائلی عمائدین، علماء اور سماجی رہنماؤں سے اپیل کی گئی ہے، کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بھی بچہ ٹیکہ جات یا انسداد پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں