بلوچستان حکومت اور گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کامیاب، سرکاری ملازمین نے بلوچستان اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا احتجاج موخر کردیا

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان حکومت اور گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کامیاب، سرکاری ملازمین نے بلوچستان اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا احتجاج موخر کردیا۔ منگل کو ایم پی اے لاجز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو مالی حالات کی وجہ سے بجٹ بنانے میں مشکلات ہوتی ہیں بجٹ کا بڑا حصہ غیر ترقیاتی مد میں چلا جاتا ہے اس میں کوئی شک نہیں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ملازمین مہنگائی کی شرح میں اضافے کی مناسبت سے تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہیں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملازمین کے حق میں فیصلے کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سے ہمارے اور ملازمین کے مابین مذاکرات جاری تھے جن کے نتیجے میں ملازمین نے اپنا احتجاج موخر کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کے تمام مسائل حل کریگی۔اس موقع پر صوبائی وزیر راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ وفاقی بجٹ کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ کیا جائیگا تنخواہ دار طبقے کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے وزیراعظم شہباز شریف نے ملازمین کو اچھا ریلیف دیاہم سب ایک ہیں اور ہمارے مسائل بھی مشترک ہیں مذاکرات کے چار دور ہوئے جن کے بعد ملازمین نے اپنا احتجاج موخر کردیا ہے۔ اس موقع پر گرینڈ الائنس کے چیئر مین عبدالقدوس کاکڑ نے کہا کہ مذاکرات میں مسائل پر گفتگو ہوئی ہے جس کے بعد ہم اس نتیجے میں پہنچے ہیں کہ ملازمین کی تنخواہوں میں ریلیف اور ڈسپرٹی ریڈیکشن الاؤنس وفاق کی طرز پر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ10فیصد ڈی آر اے کی ادائیگی کے لئے کمیٹی بنائی گئی ہے جس کا اعلان بجٹ میں ہوگا۔ کمیٹی دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں