وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فوجی فاؤنڈیشن کے درمیان نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے تاریخی مفاہمتی دستاویز پر دستخط

اسلام آباد (این این آئی)نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فوجی فاؤنڈیشن (ایف ایف) کے درمیان ایک تاریخی مفاہمتی دستاویز (لیٹر اف انٹینٹ) پر دستخط کئے گئے۔ یہ شراکت داری پاکستان کے نوجوانوں کے لئے ایک نیا باب کھولنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد تعلیمی معیار میں بہتری، ہنر مندی کے فروغ اور کھیلوں میں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لئے میرٹ کی بنیاد پر مواقع پیدا کرنا ہے۔منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت اس حوالہ سے وزیراعظم آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فوجی فاونڈیشن (ایف ایف) کے درمیان ایک تاریخی مفاہمتی دستاویز (لیٹر اف انٹینٹ) پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فوجی فاونڈیشن کے ادارہ جاتی وسائل، وڑن اور صلاحیتوں کو یکجا کر کے اس اشتراک کا مقصد نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے لئے تیار کرنا ہے۔یہ اقدام فوجی فاونڈیشن کے تعلیمی اداروں کے طلبہ و اساتذہ اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبوں سے منسلک نوجوانوں اور دیگر معاون عملے کے لئے بھرپور فائدہ مند ہوگا۔دونوں ادارے مل کر کئی مشترکہ پروگرامز کا آغاز کریں گے جن میں سکالرشپس، تعلیمی و کھیلوں کے مقابلے، عالمی تعلیمی اشتراک، تکنیکی تربیت، ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور شہری تعلیم شامل ہوں گے۔اس اشتراک کے ذریعے خواندگی میں اضافے، فن و ثقافت کے فروغ اور نوجوانوں اور کارپوریٹ سیکٹر کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔یہ مفاہمتی دستاویز اس قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو باصلاحیت، ذمہ دار، اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل لیڈر بنایا جائے جو پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کریں۔ میں فوجی فاونڈیشن کی جانب سے بریگیڈیئر (ر) عابد حسین شاہ، جنرل منیجر اکیڈمکس لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد احسان، ڈائریکٹر ایجوکیشن اور ڈاکٹر عطا الرحمن ہیڈ آف مارکیٹنگ (ایجوکیشن ڈویڑن)جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی نمائندگی چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی نے شرکت کی،دونوں اداروں کے دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔یہ اشتراک پاکستان کے نوجوانوں کی مکمل صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کے روشن، بااختیار مستقبل کی راہ ہموار کرنے کی قومی کوششوں میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں