مصری سفیر کی وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان میں تعینات مصری سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبد الحمید حسن نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر ڈیجیٹل شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ملاقات میں سائبر سیکیورٹی اور میری ٹائم کیبلز کے شعبے میں مشترکہ ورکشاپس کے انعقاد پر مشاورت کی گئی۔ مصری سفیر نے کہا کہ مصر 5G، فن ٹیک، تربیتی پروگرامز اور اسکالرشپس کے ذریعے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کئی حوالوں سے مماثلت رکھتے ہیں، جو مختلف شعبوں میں شراکت داری کے بے شمار مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ مصر کا آؤٹ سورسنگ ہدف اور نیشنل ڈیجیٹائزیشن ایجنڈا وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن سے مکمل ہم آہنگ ہے۔وفاقی وزیر نے سائبر سیکیورٹی میں پاکستان کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہیکاتھونز کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ مصری نوجوان ان مقابلوں میں حصہ لیں۔شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر دونوں اہم اسٹریٹجک مقامات پر واقع ہیں —پاکستان مشرق کو وسطی ایشیا سے، اور مصر دنیا سے جوڑتا ہے۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سات سب میرین کیبلز کے ذریعے ٹیلی کام رابطوں کا مؤثر نیٹ ورک رکھتا ہے اور ہم مستقبل میں مصر کے ساتھ شراکت داری کے خواہاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں