آصفہ بھٹو کا پسے و محروم طبقے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور

اسلام آباد (این این آئی)رکن قومی اسمبلی و خاتون اول آصفہ بھٹو نے پسے و محروم طبقے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2025 میں بھی لوگوں کا بجلی سے محروم ہونا شرمناک ہے، ہمیں تعلیم کو ترجیح دینی،زیادہ فنڈ رکھنے چاہئیں۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ وطن کا دفاع کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ مشکل وقت آیا تو پاکستان کی ہر عورت، بچہ اور جواں پاکستان کیلئے لڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مشکل وقت میں پاکستان کی دنیا میں نمائندگی کی اور بھارتی عزائم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرم کی بات ہے 2025میں بہت سے لوگ بجلی سے محروم ہیں، ہمارے علاقوں میں 15گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے جس سے غریب اور مزدور کیلئے مزید مشکلات پیدا ہو تی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تنہا اور پسے ہوئے طبقے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،، ہمیں تعلیم کو ترجیح دینی چاہئے، تعلیم کے لئے زیادہ فنڈ رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،ہمیشہ کمزور طبقوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں