مخصوص نشستیں کیس، سیاسی مسائل خود حل کریں، ججز نے اصلاحات نہیں کرنی، سپریم کورٹ

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں کیس میں ریمارکس دیئے ہیں کہ سیاسی مسائل خود حل کریں، ججز نے اصلاحات نہیں کرنی، کیا کوئی عدالت کسی امیدوار،سیاسی جماعت کے چھوڑے خلا کو پر، فریقین کی غلطیوں کو دور کر سکتی ہے؟،عدالت کو شنوائی کا حق دے رہی ہے تو مطلب یہ نہیں آپ کچھ بھی کہتے جائیں،اگلے انتخابات کی تیاری کریں۔جمعرات کو سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 11رکنی بینچ نے مخصوص نشستوں بارے کیس پر سماعت کی۔پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے دلائل دینے شروع کئے تو جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جتنی باتیں آپ آج کر رہے وہ مرکزی کیس میں کرنی تھیں، مرکزی کیس میں آپ نے کہا نشستیں ان کو دے دو، 2018کے اخبارات کا کارٹون یاد آیا، ایک رنگ میں 2ریسلرز تھے ان میں سے ایک کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جب تک سیاسی لوگ مسائل خود حل نہیں کریں گے، ہم نہیں کرسکتے، ججز نے نظام کی اصلاحات نہیں کرنی، یہ حقائق آپ نے تو مرکزی کیس میں پیش نہیں کیے۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ابھی آپ نے ایک فہرست پیش کی، جو پہلے نہیں تھی یہ فہرست پہلے کہاں تھی؟۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ یہ ساری چیزیں ہم نے یہاں وہاں سے دیکھیں۔ ہم نے ریکارڈ خود منگوایا اور کہا غلط ہوا۔ سپریم کورٹ میں 3بینچز الیکشن مقدمات سن رہے تھے، 99فیصد مقدمات کے فیصلے آپ کے حق میں ہوئے،کل آپ کہہ رہے تھے ہم الیکشن کے دوران عدالت نہیں آسکتے تھے۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ کے سارے دلائل کا مرکز الیکشن کمیشن ہے، آپ کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہمارے ساتھ غلط کیا۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عدالت کو 41 امیدواران کے پی ٹی آئی نہ لکھنے کہ وجہ بتانا چاہتا ہوں، الیکشن کمشنر پنجاب کا فیصلہ تھا کہ پی ٹی آئی والوں کے کاغذات منظور نہیں ہوں گے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں الیکشن کمیشن کا تو کام ہی نہیں، کاغذات نامزدگی پر فیصلہ آر اوز نے کرنا ہوتا ہے۔وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آر اوز کا بھی تاثر تھا کہ کاغذات منظور نہیں ہوں گے، ایک غیر یقینی کی صورتحال تھی۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ میچور سیاسی جماعتیں غیر یقینی صورتحال کا مقابلہ کرتیں ہیں،کل آپ نے کہا 12، 14سال کے بچے گرفتار ہوتے تھے، آپ ٹافیاں دینے جاتے تھے، کسی بچے کا باپ کورٹ نہیں آیا، کوئی پریس کلپنگ نہیں دی گئی، اس قسم کا بیان ہمارے اور قوم کیلئے سرپرائز تھا۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ قوم کیلئے تو یہ سرپرائز نہیں تھا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پہلی مرتبہ ہی اس طرح کی بات کی گئی جس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میں اس بیان پر معذرت چاہتا ہوں۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ غلط فیصلہ نظر ثانی کا کوئی گراؤنڈ نہیں ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ نظر ثانی داخل کرنے والوں کے گراؤنڈز کیا ہیں، جس پر سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ ان کا گراؤنڈ ہے کہ ریلیز اس کو دیا گیا جو فریق نہیں تھا۔جسٹس جمال نے استفسار کیا کہ کیا یہ غلط فیصلہ تھا غلطی تھی یا سوچ سمجھ کر فیصلہ دیا گیا، جس پر سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ سوچ سمجھ کر فیصلہ دیا گیا ہے غلطی نہیں تھی۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اس مقدمے میں جس کا حوالہ دے رہے ہیں سفارشات ناقص تھیں۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ خورشید بھنڈر کیس میں سارا غیر آئینی سپر اسٹرکچر ختم کر دیا تھا، اس فیصلے کے باعث 90 سے زائد جج فارغ ہوئے تھے، سپریم کورٹ کے پاس اختیار ہے کہ جب ان کے سامنے غیر آئینی باتیں آئیں تو وہ اسے ٹھیک کرنے کی ہدایت دیں۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ 3نومبر 2007کا اقدام غیر آئینی ہے، آرٹیکل 185/3 کی اپیل سنتے ہوئے عدالت 184/3 کا اختیار استعمال کر سکتی ہے، ہائی کورٹ کے پاس 199سی میں بنیادی حقوق کے نفاذ کیلئے ہر حکم دینے کا اختیار ہے، پیر صابر شاہ کیس میں کیا ہوا تھا وہ بھی بتاتا ہوں۔ آرٹیکل 199میں متاثرہ شخص کا درخواست گزار ہونا ضروری ہے لیکن 184میں نہیں۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے آپ کو الیکشن سے پہلے 100فیصد انصاف دیا تھا، سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے میں جو حقائق بیان کیے گئے وہ آپ نے پیش نہیں کیے تھے۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں فہرست بنائی ہم نے لیکن وہ تو ہمارے سامنے نہیں تھی، کیا قانونی شواہد موجود تھے؟۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور 2بنچز سے 99.9کاغذات نامزدگی کے مقدمات پی ٹی آئی کے حق میں آئے تھے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس مقدمے میں فریق عوام پاکستان ہے، کئی ایسے مقدمات ہیں جن سے یہ طے ہوتا ہے کہ جہاں عام عوام کا تعلق ہو وہ مفاد عامہ کا مقدمہ ہوتا ہے۔ آرٹیکل 185 تھری میں اپیل آرٹیکل 199کا تسلسل ہوتی ہے جو بنیادی حقوق کے نفاذ سے متعلق ہے۔سلمان اکرم راجا نے کہاکہ یہ عدالت اپیل میں مفاد عامہ کے معاملے میں آرٹیکل 184تھری اور ساتھ آرٹیکل 187کا دائرہ اختیار استعمال کر سکتی ہے، پیر صابر شاہ کیس میں ججز نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف براہ راست سپریم کورٹ میں اپیل کا نکتہ طے کیا، پیر صابر شاہ کیس میں ججز نے طے کیا کہ مکمل انصاف اور آرٹیکل 184تھری کا دائرہ اختیار استعمال ہو سکتا ہے، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ جوڈیشل ریویو کیلئے دائرہ اختیار استعمال کرنے کا مکمل اختیار ہے۔جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 185 تھری کا ایک دائرہ اختیار ہے، اس کیس میں کم از کم پورے جج کو پتا تو ہوتا ہے کہ کون سا دائرہ اختیار ہے، موجودہ کیس میں تو بس فریقین اور عدالت کا معاملہ ہے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ عدالت اور فریقین کا نہیں عوام کے جمہوری حق ہے جس کی خلاف ورزی ہوئی۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ نے یہ سب عدالت کے سامنے پہلے نہیں رکھا۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ اسمبلی میں درست نمائندگی ہونی چاہئے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کیا مخصوص نشستیں خالی نہ رکھی جانے پر کوئی آئینی پابندی ہے؟، جس پر سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ عدالت نے قرار دے دیا کہ مخصوص نشستیں خالی نہیں رکھی جا سکتیں ہم تو اس پر منحصر ہیں۔جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کہ کون سے بنیادی حقوق اس کیس میں متاثر ہوئے تھے؟ جسٹس نعیم اختر افغان نے سوال کیا کہ کیا کوئی عدالت کسی امیدوار اور سیاسی جماعت کے چھوڑے گئے خلا کو پر کر سکتی ہے؟ اگر کسی کے ساتھ دھاندلی ہو اور وہ درخواست دائر کرنے میں غلطیاں کرے تو عدالت اس کو موقع دے سکتی ہے؟ کیا عدالت فریقین کی غلطیوں کو دور کر سکتی ہے؟۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس کیس میں ایک صورتحال پیدا کی گئی جو پی ٹی آئی نے نہیں کی، ہمارے سامنے دیوار کھڑی کر دی جائے اور میں اس کو گرا دوں تو یہ سوال ہو گا کہ دیوار کیوں گرائی یا یہ کہ کھڑی کس نے کی؟جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ہم آپ کو شنوائی کا حق دے رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کچھ بھی کہتے جائیں۔ دیوار آپ نے کھڑی کی، آپ سنی اتحاد کونسل میں گئے اور وہ عدالت میں آئے۔جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ آپ اگلے انتخابات کی تیاری کریں جس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ایسے ہی حالات رہے تو اگلے انتخابات بھی ایسے ہی ہوں گے۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کی پابند ہے، اگر کوئی فیصلہ غیر آئینی ہے تو عدالت اس کو واپس لے سکتی ہے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میری نظر میں اکثریتی فیصلہ غیر آئینی نہیں تھا۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت (آج) جمعہ ساڑھے 9بجے تک ملتوی کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں