زادی صرف جشن نہیں، لاکھوں مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کی یاد ہے، اخلاق سونی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل برادری قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین اخلاق سونی کی جانب سے مرکزی دفتر میں وطن عزیز کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار جشنِ آزادی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر، پاکستان مسلم لیگ (ف) کے رہنما چوہدری تنویر، حمزہ اشفاق، ٹیم فخرِ مہاجر کے رہنماؤں سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں شرکاء نے وطن عزیز سے والہانہ محبت کا اظہار کیا، ملی نغموں نے سماں باندھ دیا، جبکہ پرچم کشائی کے بعد پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اخلاق سونی نے کہا کہ یومِ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ ان عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے جو ہمارے بزرگوں نے قیامِ پاکستان کے لیے دیں۔ قیامِ پاکستان کے وقت دنیا کی عظیم ترین ہجرتوں میں سے ایک ہوئی اور لاکھوں مسلمانوں نے آزادی کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم نے اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے کیا سبق حاصل کیا اور وطن عزیز کو کیا دیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں نفرت، تعصب اور تفریق کو فروغ دیا گیا جس کے باعث بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوششیں ہوتی رہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ نفرت اور انتشار کے بجائے اتحاد، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔اخلاق سونی نے کہا کہ آل برادری قومی موومنٹ (پاکستان) کے قیام کا مقصد ملک کی تمام اکائیوں، برادریوں اور قومیتوں کو ایک ایسے گلدستے میں پرویا جائے جہاں سب مل جل کر رہیں اور ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں۔ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں سندھی، مہاجر، پنجابی، بلوچ، پشتون اور دیگر تمام قومیتیں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عسکری اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انتظامی یونٹس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر ریاست یہ سمجھتی ہے کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں تو یہ ریاست کا فیصلہ ہے اور ہم ریاست کے ہر آئینی و قانونی فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔اخلاق سونی نے واضح کیا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر کوئی بھی شخص اپنی سیاسی روٹیاں سینکنے کی کوشش کرے، یہ ہمیں ہرگز برداشت نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی مفاد کی خاطر معصوم سندھی اور مہاجر بھائیوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے یا ان کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کسی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ سندھ کے عوام نے پہلے بھی بہت کچھ برداشت کیا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ مسائل کو افہام و تفہیم، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آل برادری قومی موومنٹ کا ماضی میں جنوبی سندھ صوبے اور مہاجر صوبے کا مطالبہ رہا ہے، تاہم آج ہماری اولین ترجیح امن، بھائی چارہ، قومی یکجہتی اور تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہے۔ کسی بھی انتظامی فیصلے کو عوام کے درمیان نفرت اور تصادم کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔اخلاق سونی نے سوشل میڈیا پر جاری منفی اور انتشار انگیز پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض بے لگام عناصر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے بڑا کوئی نہیں، ریاست کے فیصلوں کا احترام اور ملک کی سلامتی و استحکام کو مقدم رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ کسی قوم، برادری یا لسانی گروہ کو نشانہ بنا کر نفرت پھیلانا قابلِ مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور ترقی اسی میں ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک دوسرے کا ہاتھ تھامیں اور وطن عزیز کو مضبوط بنانے کے لیے متحد ہوجائیں۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے اپنے وطن سے محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں