کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کراچی کے چیئرمین ملک آصف کی جانب سے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر شاندار کار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹرانسپورٹرز، شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کا مقصد وطن عزیز سے محبت، قومی یکجہتی اور آزادی کی نعمت پر اظہار تشکر کرنا تھا۔کار ریلی کا آغاز بلوچ کالونی پل سے ہوا، جو شارع فیصل سے ہوتی ہوئی صدر ٹاؤن پہنچی اور مختلف شاہراہوں سے گزرنے کے بعد کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے جبکہ گاڑیوں کو بھی سبز ہلالی پرچموں اور قومی رنگوں سے سجایا گیا تھا۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے قومی جذبے کا اظہار کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کراچی کے چیئرمین ملک آصف نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، جس پر پوری قوم کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان وہ آزاد ملک ہے جہاں ہمیں اپنے دین، قرآن و سنت کی تعلیمات اور اپنی روایات کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی محض جشن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ ہمارے بزرگوں کی لازوال جدوجہد، قربانیوں اور بے مثال جدوجہد کا ثمر ہے۔ ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہر شہری کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔ملک آصف نے پوری قوم، خصوصاً بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے متحد رہیں گے اور قومی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔ ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہداء کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور قوم انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔چیئرمین ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کراچی نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، اتفاق اور باہمی بھائی چارے کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ ہمیں لسانی، مذہبی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی ترقی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ ٹرانسپورٹرز برادری بھی ملکی معیشت اور عوامی خدمت میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے اور اس شہر کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

