لاہور بورڈ نے آن سکرین مارکنگ کے لیے موک ٹیسٹ کا آغاز کر دیا

لاہور بورڈ نے آن سکرین مارکنگ سسٹم کے لیے موک ٹیسٹ کا آغاز کر دیا ہے۔ پائلٹ پروجیکٹ کے پہلے روز تین تعلیمی اداروں کے طلبہ سے ای شیٹ پر امتحان لیا گیا۔

لاہور بورڈ کے مطابق جی سی یونیورسٹی، پنجاب کالج اور سپیریئر کالج کے 150 طلبہ نے ای شیٹ پر امتحان دیا۔ اس موقع پر چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات مزمل محمود نے انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدرالسلام اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چیئرمین ٹاسک فورس مزمل محمود نے کہا کہ ای مارکنگ سے طلبہ کا امتحانی نظام پر اعتماد بڑھے گا اور ای شیٹ کے ذریعے جعلی امیدواروں کی نشاندہی بھی آسان ہو گی۔

چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدرالسلام نے کہا کہ پورے پاکستان سے ماہر اساتذہ پیپر مارکنگ کر سکیں گے، تاہم صرف کوالیفائیڈ اساتذہ کو ہی پیپر چیک کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان کا کہنا تھا کہ ای مارکنگ سسٹم سے ری چیکنگ سے متعلق شکایات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں