اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے سلسلے میں اعلیٰ سطح تقریبات میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہوں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نیویارک میں پاکستان کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دستخطی پروگرامز میں شرکت کریں گے،وہ بین الاقوامی امن، تنازعات کے پرامن حل،اورکثیرالجہتی تعاون کے موضوع پراعلیٰ سطح مباحثے کی صدارت کریں گے،سلامتی کونسل کے سہ ماہی کھلے اجلاس میں مشرق وسطی اورفلسطین کی صورتحال پر بھی ڈار صدارت کریں گے۔اقوام متحدہ اوراسلامی تعاون تنظیم کیدرمیان تعاون بڑھانے کیلئے ایک اعلیٰ سطح بریفنگ کی قیادت بھی ان کے شیڈول میں شامل ہے،اسحاق ڈارفلسطین،کے دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے ذریعے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔ترجمان کے مطابق دورے کے دوران وہ اقوام متحدہ کے حکام اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے،نیویارک کے بعد اسحاق ڈار واشنگٹن میں پاکستان کے کثیرالجہتی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے مصروفیات میں شریک ہوں گے۔

