اسلام آباد(این این آئی)صدرآصف علی زرداری نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر کہا ہے کہ یوم الحاق پاکستان کشمیری عوام کی اجتماعی سوچ اور پاکستان سے ان کے فطری و دائمی تعلق کی روشن علامت ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم کے باوجود حق خودارادیت کیلئے اپنی جدوجہد بھرپور استقامت سے جاری رکھے ہوئے ہیں،کشمیریوں کی لازوال قربانیاں آج دنیا بھر میں آزادی، حریت اور قربانی کی اعلیٰ مثال بن چکی ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیاکہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور جدوجہد ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی اور ایک دن وہ بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر اپنی مرضی کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

