آئی ایم ایف کی سنڈی پاکستان کو چاٹ گئی ہے، ایف بی آر بزنس کمیونٹی کو ہراساں کرنا بند کرے،الطاف شکور

کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی سنڈی پاکستان کو چاٹ گئی ہے۔ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن حکومت کی اس پر سب سے کم توجہ ہے۔ ایف بی آر بزنس کمیونٹی کو ہراساں کرنا بند کرے۔ حکومت صنعت کاروں کو گڑ نہیں دے سکتی تو کم از کم گڑ جیسی بات تو کر سکتی ہے۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر اسی طرح چلتے رہے تو پاکستان بد ترین بدحالی کا شکار ہو جائے گا۔ صنعت و تجارت کا برا حال ہے اور حکومت مرے کو سو درے مارنے پر تلی ہوئی ہے۔ حکومت تاجر برادری کا خون نچوڑنے کی بجائے صنعت و حرفت کی ترقی پر توجہ دے۔ ٹیلی ویژن پر پولیس مقابلوں اور دہشت گردی کے مقابلوں کی خبریں چلا کر سرمایہ کاروں کو دہشت زدہ کرنا بند کیا جائے۔ جو صنعتیں بند ہو رہی ہیں یا بیرون ملک منتقل ہو رہی ہیں اس کا ذمہ دار کون ہے؟ وزیر خزانہ نے تاجروں کو کیا سہولیات دی ہیں کہ جس کے بدلے میں ٹیکس بھی بڑھا رہے ہیں اور کالے قوانین کا نفاذ بھی چاہتے ہیں؟ ایف بی آر کو حد سے زیادہ اختیارات دینا معیشت کی کمر توڑنے کے مترادف ہے۔ ایف بی آر سے کرپشن ختم کرنا پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ جب تک ان پٹ کوسٹ کم نہیں ہوگی تجارتی ترقی ممکن نہیں ہے۔ ترجیحات کا درست تعین کیا جائے تاکہ معیشت تندرست و توانا ہو سکے۔ جب تک حکومت کراچی میں صنعتی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل نہیں کرے گی پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بیروزگاری بائیس فیصد ہے اور حکومت ایسے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہی جس سے اس میں کمی آسکے۔ برین ڈرین کی حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے اور بیرون ملک سے ترسیلات زر پر حکومت خوشی کے شادیانے بجاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں