انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بہترین کام کیا،بھارت کی ہر حکمت عملی کا ہمیں پہلے سے پتا چل جاتا تھا‘ محسن نقوی

لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پس پردہ بہترین کام کیا اس لئے حالیہ جنگ میں بھارت کی ہر حکمت عملی کا ہمیں پہلے سے پتا چل جاتا تھا، بھارت کے تباہ ہونے والے6 طیاروں کی ویڈیو ہمارے پاس موجود ہے، ہم نے ریڈار میں طیارے گرتے دیکھ لیے تھے لیکن فیصلہ کیا تھا ثبوت ملنے تک ہم اعلان نہیں کریں، پاک بھارت جنگ کے بہت سے واقعات کا عینی شاہد ہوں، مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وارث میر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایوان اقبال میں ”بھارت پر پاکستان کی عسکری اور سفارتی فتوحات کے عالمی اثرات“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کھلے عام پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے، نائن الیون سے لے کر آج تک کی دہشتگردی کا بینی فشری بھارت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک،بھارت جنگ کے دوران بھارت کے تمام چیف الگ الگ مودی سے مل رہے تھے ان کے پائلٹ تیار نہیں تھے،ہماری مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ان لمحات میں ہماری تمام سیاسی جماعتیں متحد تھیں۔محسن نقوی نے کہا کہ اجیت دوول اور امت شاہ اصل میں پورے ڈرامے کے پیچھے تھے، یہ دونوں خود بھی ڈوبیں گے اور مودی کو بھی لے ڈوبیں گے۔پاک،بھارت جنگ میں انٹیلی جنس ایجنسیز نے پس پردہ بہترین کام کیا، جنگ میں بھارت کی ہر پلاننگ ہمارے پاس بہت پہلے پہنچتی رہی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کی مدد حاصل تھی، بھارت نے ہماری اہم بیس پر 7 میزائل فائز کئے، ان میزائلوں میں سے کوئی بیس پر نہیں گرا، ہماری جس بیس پر قیمتی اثاثے موجود تھے وہاں کوئی بھارتی میزائل نہیں گرا،نور خان ایئر بیس پر حملے میں بھی ہمارا کوئی نقصان نہیں ہوا، صرف ایک ایئر بیس پر حملے میں ہمارے جوان شہید ہوئے۔اس کے برعکس ہم نے جب بھارت پر میزائل فائر کیے تو وہ کچھ تبدیلی کے باوجود بڑے آئل ڈپو پر جاکر لگا، ہم نے 26 مقامات پر میزائل فائز کئے سب مقررہ ہدف پر لگے، بھارت مرسڈیز اور پاکستان ڈمپر کی طرح ہے، سب کو پتا ہے ٹکر سے کیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی طیاروں کے گرنے کے ثبوت منٹوں میں ہمارے پاس آئے، بھارتی جہاز گرانے پر فیصلہ کیا ویڈیو آنے سے پہلے اعلان نہیں کریں گے، جب ان کے جہاز گرے تو ان کے ثبوت ہمارے پاس ان کے میڈیا سے پہلے آگئے، ہمارے پاس 6 جہازوں کے گرنے کے ثبوت موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاموش اور پس پردہ مجاہدوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چند لوگ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو برا بھلا کہنے سے باز نہیں آتے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی سے ہمیں جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی، گواہی دے سکتا ہوں فیلڈ مارشل نے جنگ میں بہترین قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، ہماری سکیورٹی فورسز کے ان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں