لاہور(این این آئی)حالیہ مون سون بارشوں کے پیش نظر محکمہ سیاحت پنجاب کی ایڈوائزری جاری کردی گئی،عملے کو الرٹ رہنے اور دریاؤں، ندی نالوں اور ممکنہ خطرے والے علاقوں میں سیاحوں کا داخلہ محدود کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق فیلڈ دفاتر کو ضلعی انتظامیہ اور ایمرجنسی آپریشن سنٹرز سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی، تمام سیاحتی و تاریخی مقامات پر ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے،ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ سے رابطے کے لیے فوکل پرسن تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی، عملے کو ایمرجنسی ریسکیو اور ابتدائی طبی امداد کے لئے الرٹ رہنے کی تاکید کردی گئی،تمام سیاحتی مقامات پر ایمرجنسی نمبرز آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی۔دریاؤں، ندی نالوں اور ممکنہ خطرے والے علاقوں میں داخلہ محدود ہو گا،سیاح سفر سے پہلے محکمہ موسمیات کی تازہ ترین اپ ڈیٹس سے باخبر رہیں،عوام الناس سے شدید بارش یا سیلابی صورتحال میں سفر محدود رکھنے کی اپیل کی گئی، سیاح کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ایمرجنسی نمبروں پر رابطہ کریں۔

